کراچی: پولیس چوکی پر 'طالبان' کا حملہ
کراچی: سپر ہائی وے پر پولیس چوکی پر فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا جبکہ حملہ آور اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔
کراچی کے علاقے سپر ہائی وے کے قریب قائم پولیس چوکی پر 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ ریسکیو ٹیم نے زخمی پولیس اہلکار کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق تفتیشی ٹیم کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول اور تیس بور رائفل کے 9 کھول ملے، جبکہ حملہ آور دونوں اہلکاروں کی ایس ایم جی گنیں بھی ساتھ لے گئے۔
پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کی ہے۔
کالعدم دہشت گرد تنظیم کے ترجمان محمد خراسانی نے واقعے کی ذمہ داری قبول ای میل کے ذریعہ قبول کی
یہ پڑھیں : کراچی میں فائرنگ، دو پولیس اہلکار ہلاک
واضح رہے کہ کراچی آپریشن کے آغاز کے بعد سے پولیس اہلکاروں پر حملے کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔
ان واقعات میں دہشت گردوں کی جانب سے آپریشن کے ردعمل میں متعدد پولیس چوکیوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اب تک ٹریفک پولیس سمیت کئی پولیس کے کئی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔
تقریباً 3 ہفتے قبل بھی ناظم آباد کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو اسنیپ چیکنگ کے دوران نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔