ایاز صادق دوبارہ اسپیکر قومی اسمبلی منتخب
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار شفقت محمود کو شکست دے کر ایک بار پھر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے.
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے انتخاب کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسپیکر کے انتخاب میں سردار ایاز صادق نے 300 کے ایوان میں سے 268 ووٹ حاصل کیے، پی ٹی آئی کے شفقت محمدو کو 31 ووٹ ملے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا.
یوں سردار ایاز صادق کو ایک ہی قومی اسمبلی کا 2 مرتبہ اسپیکر بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا.
قومی اسمبلی کا 20واں اسپیکر منتخب ہونے کے بعد سردار ایاز صادق نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، ڈپٹی اسپیکر نے ان سے حلف لیا.
اسپیکر کی نشست کے لیے فاٹا ارکان کی جانب سے غازی گلاب جمال نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے، تاہم بعد ازاں وہ سردار ایاز صادق کے حق میں دستبردار ہوگئے۔