پاکستان

پاکستانی فوجی جسمانی فٹنس میں بہترین، آرمی چیف

پاک فوج دنیا کی سب سے بہترین لڑاکا فوج ہے اور دہشتگردی کے خلاف اس کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا،آرمی چیف۔

اٹک : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جمعہ کو کہا کہ پاک فوج دنیا کی سب سے بہترین لڑاکا فوج ہے اور دہشتگردی کے خلاف اس کی کامیابیوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے۔

اٹک میں مسلح افواج کی جسمانی اورجنگی صلاحتیوں کا جائزہ لینے سے متعلق چیمپئن شپ کی تقریب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی شانداری کامیابیاں ہمارے پیشہ وارانہ معیار کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا " یہ دیکھنا زبردست ہے کہ پاکستانی فوجی جسمانی افادیت کے حوالے سے عالمی معیار سے بھی آگے ہیں"۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بہترین معیاربرقراررکھنے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، تربیت کے بہترین معیار سے ہی جنگیں جیتی جاسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مربوط تربیت جنگی تیاریوں کی روح ہے، مربوط تربیت میدان جنگ میں ہمیشہ مثبت نتائج اور کامیابی کا زینہ بنتی ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا " ہماری ٹیموں نے ملکی اور بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کرکے غیرمعمولی شجاعت ، بلند عزم، مستعدی اور جسمانی فٹنس کا مظاہرہ کیا"۔

جنرل راحیل شریف نے بہترین کارکردگی دکھانے پر سپاہی علی رضا کو بیسٹ پلیئر کا ایوارڈ دیا گیا، چیمپئن شپ میں محمد وقاص کو رنر اپ رہے جبکہ سپاہی صابر حسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔