پاکستان

اسپیکر قومی اسمبلی کیلئے شفقت محمود پی ٹی آئی کے امیدوار

حزب اختلاف کی دوسری پارٹیوں کے آگے نہ آنے پر ہم نے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا، شاہ محمود قریشی.

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے شفقت محمود کو قومی اسمبلی کے سپیکر کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی دوسری اپوزیشن پارٹیوں اور حکومت کے درمیان ’سمجھوتہ‘ نظر آتا ہے یا پھر مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے دوسری پارٹیاں سپیکر کے انتخاب کیلئے میدان میں نہیں اتر رہیں۔

’ ایسے میں پی ٹی آئی نےشفقت کو نامزد کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے‘۔

’آپ اسے ملی بھگت، سمجھوتہ یا پھر مفاہمت کہہ لیں، لیکن اگر پی پی پی اور ایم کیو ایم سپیکر کے الیکشن کیلئے امیدوار نامزد نہیں کرے گی تو پھر ہم ملک میں جمہوری روایت برقرار رکھنے کیلئے آگے آئیں گے‘۔

قریشی نے حال ہی میں سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہر ایک نے دھاندلی دیکھی، حتی کہ تیرہ سال کے بچوں کو بھی ووٹ ڈالنے دیا گیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ جہاں ووٹر فہرستوں میں ہیر پھیر کی گئی وہیں کئی پولنگ سٹیشنز پر عملہ ہی موجود نہیں تھا۔

’ہم امید کرتے ہیں کہ بلدیاتی الیکشن کے باقی دونوں مرحلوں میں پہلے مرحلے جیسی بے ضابطگیاں نہیں ہوں گی‘۔