لاہور فیکٹری حادثہ: 25 افراد کی ہلاکت کی تصدیق
لاہور: لاہور میں زمین بوس ہونے والی فیکٹری کے ملبے سے اب تک 25 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں،جبکہ دیگر افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے.
گذشتہ روز لاہور میں سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایک زیر تعمیر فیکٹری زمین بوس ہونے سے 100 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے تھے.
پولی تھین بیگ بنانے والے اس تین منزلہ فیکٹری کی چوتھی منزل زیر تعمیر تھی، جہاں کئی کم عمر مزدور بھی کام کرتےتھے.
فیکٹری کی عمارت گرنے کا واقعہ 26 اکتوبر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں آنے والے شدید زلزلے کے تقریباً دو ہفتوں بعد پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک جبکہ متعدد عمارتیں متاثر ہوئی تھیں۔
ایدھی ذرائع کے مطابق سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں پیش آنے والے افسوس ناک واقعہ کے بعد ملبے سے 100 سے زائد افراد کو نکالا جا چکا ہے، جنھیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔
ایک ریسکیو اہلکار عبدالرزاق نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں وقت لگے گا اور ہمارا مقصد ان جگہوں تک پہنچنا ہے جہاں ملبے کے نیچے سے ہمیں مدد کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔