پاک-افغان سرحد: عسکریت پسندوں کا حملہ پسپا
حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے افغانستان کے صوبے کنڑ سے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل مہمند کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
پشاور: سیکیورٹی فورسز نے افغانستان سے پاکستان کے سرحدی قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل مہمند میں عسکریت پسندوں کے حملے کو ناکام بنادیا۔
سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس متعدد عسکریت پسندوں نے افغانستان کے صوبے کنڑ سے پاکستانی سرحدی علاقے میں قائم ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا جسے پسپا کردیا گیا۔
عسکریت پسندوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر متعدد مارٹر گولے فائر کیے گئے۔
تاہم چیک پوسٹ پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس سے عسکریت پسند پسپا ہوگئے۔
بعد ازاں سیکیورٹی فورسز اور مقامی امن کمیٹی کے سے تعلق رکھنے والے افراد نے حملہ آوروں کا تعاقب کیا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
خیال رہے کہ گذشتہ 5 ہفتوں کے دوران پاکستانی علاقے میں افغانستان سے پاکستانی حدود میں یہ چوتھا حملہ ہے۔