لائف اسٹائل

کلاس روم خلا میں، طلبا زمین پر

چینی خلائی سٹیشن پر موجود افراد نے چینی بچوں کیلئے سائنس کے تجربات کرکے دکھائے جسے ہزاروں بچوں نے دیکھا۔

بیجنگ: چین کے پہلے خلائی سٹیشن پر موجود افراد نے چینی بچوں کیلئے سائنس پر لیکچر دیا اور خلا کی بے وزنی میں سائنسی تجربے کرکے دکھائے۔ اس لیکچر کو زمین پر سینکڑوں بچوں نے دیکھا اور سنا اور سٹیشن پر موجود افراد سے سوال بھی کئے۔

جمعرات کے روز بچوں اور نوعمروں میں خلائی سائنس سے دلچسپی پیدا کرنے کیلئے چینی ماہرین نے خلا سے ایک خصوصی لیکچر دیا جسے بیجنگ کے ایک آڈیٹوریم میں موجود 330 بچوں نے  اکیاون منٹ تک دیکھا اور سنا اور اپنے ذہنوں میں مچلنے والے سوالات بھی کئے۔

چین کے تیانگونگ ون سپیس سٹیشن کی خاتون خلانورد وینگ یاپنگ اور ان کے ساتھی نائی ہائشنگ اور زینگ زاؤگوانگ نے خلا میں رہنے اور صحت کو درست رکھنے کے بارے میں بچوں سے باتیں کیں۔

' میں جاننا چاہتا ہوں کہ آپ کو کیسے معلوم ہوتا ہے کہ اوپر کی سمت کہاں ہے؟ ایک طالبعلم نے پوچھا۔

خوشگوار موڈ میں نائی ہائشینگ نے آلتی پالتی مار کر چینی مارشل آرٹس فلم کے کرداروں کی پوزیشن میں بیٹھ کر کہا کہ خلا میں ہم سب کنگ فو ماسٹر ہوتے ہیں۔

            ایک اور مظاہرے میں وینگ نے پانی کے گول بلبلے میں مزید چھوٹے بلبلے ڈالنے کا مظاہرہ کیا جسے بچوں نے بڑی حیرت سے دیکھا۔

تین سو تیس بچے ایک خاص جگہ موجود تھے لیکن یہ تمام تقریب براہِ راست چھ کروڑ بچوں نے بھی اپنے اپنے سکولوں میں دیکھی۔

سٹیشن پر موجود افراد نے جائروسکوپ گھمایا اور گیندوں کو خاص انداز سے سوئنگ کیا۔ چینی انسانی خلائی پروگرام کے چیف ڈیزائنر ژو جیانپنگ نے زنہوا ایجنسی کو بتایا کہ چین کی دوسری نسل میں سائنس کا جذبہ ہونا پوری انسانیت کیلئے ضروری ہے۔

خاتون خلانورد وینگ نے مسکراتے ہوئے بچوں کے سامنے سائنس لیکچر پیش کیا جس طرح عام ٹی وی شو میں سائنس کی باتیں پڑھائی جاتی ہیں۔

چین نے انسان بردار خلائی سٹیشن پر اب سے دس سال قبل کام شروع کیا تھا ۔ پھر دوہزارتین میں پہلا انسان خلا میں بھیج کر روس اور امریکہ کی طرح چین انسان کو خلا میں بھیجنے والا تیسرا اہم ملک بن گیا۔

یہ چھوٹا سا چینی خلائی سٹیشن شینزو 10 مشن ہے جس کے تحت دوسری بار انسان کو خلا میں بھیجا گیا ہے۔