پی ٹی وی حملہ کیس: 17 ملزمان کی گرفتاری کا حکم
انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پی ٹی وی حملہ کیس میں غیرحاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے.
اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) حملہ کیس میں غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے.
گذشتہ برس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنے کے دوران مشتعل افراد نے یکم ستمبر کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا تھا، جس کی وجہ سے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی تھیں.
حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں تقریباً 103 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس نے مذکورہ کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے ضمانت پر رہائی پانے والے 86 کارکنوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جنھیں دھرنوں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔