کراچی کے ہندوؤں کا جلوسِ عاشور
اگر یہ کہا جائے کہ شہر کے وسط میں واقع نارائن پورہ غیر مسلموں کی شہر میں سب سے بڑی آبادی ہے تو یہ غلط نہ ہوگا۔ نارائن پورہ شہر کی قدیم آبادی رنچھوڑلائن سے متصل ہے۔ نارائن پورہ میں سب سے بڑی آبادی ’ہریجن برادری‘ سے تعلق رکھنے والے ہندوؤں کی ہے، دوسرے نمبر پر غیر مسلم عیسائی اور تیسرے نمبر پر سکھ آباد ہیں۔ ان تینوں برادریوں کے مذہبی، سماجی اور ثقافتی تہوار بڑی دھوم دھام سے منائے جاتے ہیں۔ عاشورہ کے موقعے پر نارائن پورہ سے ذوالجناح اورتعزیے کا جلوس بھی 9 محرم کی شام کو برآمد کیا جاتا ہے، جس میں غیر مسلموں کے ساتھ ساتھ مسلمان بھی بڑھ چڑھ کر شرکت کرتے ہیں۔
ہمیں جب اس مذہبی رواداری پر مبنی رسم کی اطلاع ملی تو ہم 8 محرم کی رات کو بڑی تگ و دو کے بعد نارائن پورہ پہنچے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ 8محرم سے لے کر 10 محرم تک بندر روڈ مکمل طور پر سیل کردیا جاتا ہے۔ نارائن پورہ جانے سے قبل ہم نے دریا لال مندر کے پُجاری وجے مہاراج سے اس سلسلے میں مدد کی درخواست کی تو انہوں نے ہمیں دیو جی صاحب کا نمبر دیا، دیو جی صاحب نے ہمارا رابطہ اشوک دیو جی پرو بھیا سے کروایا اور کہا کہ جب ہم وہاں پہنچیں گے تو وہ وہاں موجود ہوں گے۔