پاکستان

سندھ : ڈینگی سے 7 افراد کی ہلاکت

حکام کےمطابق رواں سال سندھ بھر سے ڈینگی کے 2517 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 7 افراد کی ہلاکت ہوئی.

کراچی: سندھ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ سرکاری ہسپتال میں ڈینگی بخار کے مرض میں مبتلا ایک خاتون ہلاک ہوگئی ہے۔

رواں سال سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 2500 سے زائد بتائی گئی ہے جبکہ ان میں سے 7 ہلاک ہوچکے ہیں۔

ہلاک ہونے والی 42سالہ نگہت کراچی کے ایک سرکاری ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔

صوبائی وزارت صحت کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی کے مرض سے ہلاک ہونے والی وہ ساتویں مریض تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ فصیل کالونی کی رہائشی خاتون کو انتہائی تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا۔

سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اب تک سندھ بھر سے ڈینگی کے 2517 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے 60 فیصد مریضوں کی عمریں 20 سے 34 سال کے درمیان تھی جبکہ 20 فیصد کی عمریں 35 سال سے زائد اور باقی بچے تھے۔

ادھر کراچی مونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے ڈینگی کے جراثیم کے خاتمے کے لئے ایک ’وسیع پروگرام‘ کا آغاز کردیا ہے جس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادویات اپنی میعاد مکمل کرچکی ہیں۔

عہدیدار کا کہنا ہے کہ الفا سیپرمیتھرین نامی انسکیٹی سائیڈ جو کہ ڈینگی مجھروں کو مارنے کے لئے ڈیزل میں ملا کر اسپرے کی جاتی ہے گذشتہ 3 سال سے کے ایم سی کے اسٹورز میں محفوظ ہے اور گذشتہ سال ستمبر میں اپنی میعاد مکمل کرچکی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال ڈینگی کے 1295 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس میں سے 1277 صرف کراچی سے تھے اور گذشتہ سال ڈینگی کی وجہ سے ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد 17 تھی۔