فواد اور ماہرہ بھی شیو سینا کے نشانے پر
ممبئی: انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا کی پاکستان مخالف مہم کی زد میں اب پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان بھی آگئے ہیں اور تنظیم نے دھمکی دی ہے پاکستانی اداکاروں کو ممبئی میں فلموں کی پرموشن نہیں کرنے دی جائے گی.
ایمرٹس 247 کی ایک رپورٹ کے مطابق شیو سینا نے ماہرہ اور فواد کی آنے والی فلموں 'رئیس' اور 'اے دل ہے مشکل' کی پروموشن کی اجازت نہ دینے کی دھمکی دی ہے.
شیو سینا کے فلم ونگ چترا پتا سینا کے جنرل سیکریٹری اکشے برداپرکر کا کہنا ہے کہ، "ہم ہندوستانی ریاست مہاراشٹر کی سر زمین پر کسی پاکستانی اداکار، کرکٹر یا فنکار کو نہیں آنے دیں گے".
ان کا مزید کہنا تھا، "ہمیں اس بات کی پروا نہیں کہ اِن پاکستانیوں کو اپنی فلموں میں کون سائن کررہا ہے، کرن جوہر، فرحان اختر، شاہ رخ خان وغیرہ ذمہ دار شہری ہیں اور انھیں پاکستانیوں کو اپنی فلموں میں کاسٹ نہیں کرنا چاہیے".
واضح رہے کہ ماہرہ ، شاہ رخ خان کے ساتھ فلم'رئیس' سے اپنا بولی وڈ ڈیبیو کر رہی ہیں، جو اگلے برس عید پر ریلیز کی جائے گی جبکہ فواد خان کی فلم 'اے دل ہے مشکل' اگلے برس دیوالی پر ریلیز کی جائے گی.
ممبئی روایتی طور پر پاکستان اور مسلمان مخالف تنظیم شیو سینا کا گڑھ سمجھا جاتا ہے. پاکستان کے نامور غزل گائیک غلام علی کا جمعہ 9 اکتوبر کو ممبئی میں ہونے والا کنسرٹ بھی شیو سینا کی ان دھمکیوں کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا، جن میں شدت پسند ہندو تنظیم کا کہنا تھا کہ "ایسے میں جب ہمارے فوجی مر رہے ہوں، ہم پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات نہیں رکھ سکتے".
یہ بھی پڑھیں:شیو سینا کی دھمکیاں رائیگاں،غلام علی دہلی مدعو
بعد ازاں نئی دہلی کے وزیر ثقافت کپل مشرا نے غلام حسین کو مدعو کرتے ہوئے کہا تھا کہ "موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی".
اس سے قبل پاکستان کے پاپ گلوکار عاطف اسلم کو شیو سینا کی جانب سے دھمکیاں ملنے کے بعد انھوں نے پونے میں اپنا کنسرٹ منسوخ کر دیا تھا. اس کنسرٹ کے ہزاروں ٹکٹ فروخت ہو چکے تھے لیکن منتظمین کو پیسے ری فنڈ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:قصوری کی کتاب کے آرگنائزر پر حملہ
گذشتہ ہفتے پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی کتاب کی ممبئی میں تقریب رونمائی سے محض چند گھنٹے قبل تقریب کے آرگنائزر سدھیندرا کلکرنی پر شیو سینا کے کارکنوں نے سیاہ رنگ کے پینٹ سے حملہ کردیا تھا.
شیو سینا، جو بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کے ساتھ ممبئی میں برسرِ اقتدار ہے، نے خبردار کیا تھا کہ وہ خورشید قصوری کی کتاب کو مبمئی میں لانچ نہیں ہونے دے گی۔
یہ بھی پڑھیں:شیوسینا کا حملہ: پاک و ہند کرکٹ مذاکرات منسوخ
انتہا پسند تنظیم پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی ہندوستان میں کھیلنے پر دھمکیاں دیتی آئی ہے جبکہ گذشتہ روز شیو سینا کی جانب سے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے دفتر پر دھاوا بولے جانے کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ مذاکرات منسوخ کردیئے گئے.
دوسری جانب جنوبی افریقہ اور ہندوستان کے درمیان جاری سیریز میں شیو سینا کی دھمکیوں کے بعد ہندوستانی حکام کی پاکستانی کمنٹیٹرز اور میچ آفیشلز سیکیورٹی کی فراہمی میں ناکامی کے سبب پاکستانی کرکٹ اسٹارز وسیم اکرم اور شعیب اختر بھی ہندوستان چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔