’انڈیا میں غنڈہ گردی، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی متاثر ہو سکتا ہے‘
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ انڈیا میں شدت پسند تنظیم شیو سینا کی غنڈہ گردی اور بی سی سی آئی کے ہیڈ آفس پر حملے کی وجہ سے اگلے سال ورلڈ ٹی ٹوئنٹی متاثر ہو سکتا ہے۔
’اگر انڈیا میں اتنی زیادہ آگ لگی ہوئی ہے اور لوگ پاکستان کے ساتھ سیریز کے اتنے مخالف ہیں تو پھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے انعقاد میں مشکل ہو سکتی ہے ‘۔
سابق بلے باز نے بی سی سی آئی کے صدر دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’پاکستانی کھلاڑی اپنی جانوں کو خطرہ لاحق ہونے کی وجہ سے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے انڈیا جانے سے انکار کر سکتے ہیں‘۔
زی نیوز نے ظہیر کے حوالے سے بتایا کہ ’ایسا بہت عرصے سے ہو رہا ہے، لیکن بطور آئی سی سی صدر میں چاہتا ہوں کہ کرکٹ دنیا بھر میں پھیلے‘۔
’پاکستان انڈیا کو اپنے ملک میں کھیلنے کی دعوت تو نہیں دے رہا۔ پاکستان صرف یہ چاہتا ہے کہ ایک نیوٹرل مقام پر دونوں ملکوں کے درمیان باہمی سیریز کھیلی جائے‘۔
پاک-انڈیا کرکٹ دشمنی کو بہترین قرار دیتے ہوئے ظہیر نے کہا کہ لوگ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ میدان میں مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں۔
’پاک-انڈیا میچ سے بہتر کچھ بھی نہیں۔ پوری دنیا اور دنوں ملکوں کی عوام اس سیریز کے منتظر ہیں۔دنیا پر امید ہے کہ انڈیا دنیائے کرکٹ کو اچھی خبر سنائے گا‘۔