پاکستان

کوئٹہ میں بم دھماکا، ہلاکتوں کی تعداد 11 ہو گئی

سریاب روڈ پر واقع ٹرمینل پر کھڑی بس میں ہونے والے بم دھماکے میں کم از کم 20 زخمی بھی ہوئے۔

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے میں دو بچوں سمیت 11 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔

دھماکا منگل کی رات سریاب روڈ پر دکانی بابا چوک کے قریب ٹرمینل پر کھڑی ایک بس میں ہوا۔

کوئٹہ سے کراچی جانے والی بس میں 40 مسافر سوار تھے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق، دھماکے میں کم از کم 20 افراد زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جن میں سے چھ کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد شہر کا حساس سمجھے جانے والے علاقے سریاب روڈ پر ٹریفک معطل ہو گیا جبکہ امدادی کارروائیں جاری ہیں۔

دھماکے کی شدت سے اطراف میں عمارتوں کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

وزیر اعلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بم دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے ’صوبے کے دیرپا امن کے خلاف سازش’ قرار دیا۔