پاکستان

سعودی کیڈٹ کی اسلام آباد میں پراسرار ہلاکت

فواد موشان پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیرتربیت تھا اور کچھ ہی روز قبل اپنے ایک دوست کے ہمراہ اسلام آباد آیا تھا.

اسلام آباد: پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیرتربیت ایک سعودی کیڈٹ اسلام آباد کے ایک گیسٹ ہاؤس میں مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔

فواد موشان پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیرتربیت تھا اور کچھ ہی روز قبل اپنے ایک دوست کے ہمراہ اسلام آباد آیا تھا جہاں وہ جی4/7 میں ایک گیسٹ ہاؤس میں مقیم تھا۔

فواد کا دوست یازد بن حسن بھی سعودی شہری ہے اور وہ گیسٹ ہاؤس میں اس کے ساتھ والے کمرے میں رہائش پذیر تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جب ہفتے کی صبح کافی دیر تک فواد کمرے سے باہر نہیں آیا تو یازد بن حسن نے اس کے کمرے میں جانے کی کوشش کی مگر ہو اندر سے بند تھا۔

مسلسل دروازہ کھٹکٹانے کے باوجود جب فواد کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا تو یازد نے گیسٹ ہاؤس کی انتظامیہ کو مطلع کیا۔ بعد ازاں انتظامیہ کی مدد سے وہ کمرے میں داخل ہوئے جہاں انہوں نے فواد کو مردہ حالت میں پایا۔

پولیس کے مطابق فواد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔

اس موقع پر پولیس اور سعودی سفارتخانے کو بھی اطلاع دی گئی جن کے اہلکار فوری طور پر ہسپتال پہنچے۔

بعد ازاں لاش کو فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک سعودی سفارتکار نے پولیس اور ہسپتال انتظامیہ کو فواد کے خاندان کی پاکستان آمد تک لاش سردخانے میں رکھنے کا کہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پر کسی قسم کے زخموں یا مزاحمت کے نشانات نہیں پائے گئے ہیں تاہم مذکورہ سفارتکار نے پوسٹ مارٹم کرنے سے پولیس کو منع کردیا۔