پاکستان

یار محمد رند تحریک انصاف میں شامل

پاک چین اقتصادی راہدی منصوبے میں بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کے پسماندہ علاقوں کو بھی شامل کیا جائے، عمران خان

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور بلوچ رہنما سردار یار محمد رند نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے۔

سرداریار محمد رند نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو اس کے حقوق نہیں دیئے جارہے جب کہ پاک چین اقتصادی راہدی منصوبے میں بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کے پسماندہ علاقوں کو بھی شامل کیا جائے۔

عمران خان کاکہنا تھا کہ 1991 کے معاہدے کے تحت بلوچستان کو بھی اس کا پانی نہیں دیا گیا۔

قبل ازیں دورہ نتھیاگلی میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سےقرض لے لیا تو یہودیوں کو سازش کرنے کی کیا ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو امریکا کنٹرول کرتا ہے اور امریکا کو یہودی لابی کنٹرول کرتی ہے۔

اس موقع پر خیبرپختون خوا حکومت نے نتھیاگلی کا ریسٹ ہاؤس عوام کے لیے کھول دیا جب کہ خیبرپختونخوا کے دیگر سرکاری گیسٹ ہاؤسز بھی عوام کیلئے جلد کھولنے کا اعلان کیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے بعد نیا خیبرپختونخوا بن گیا ہے۔