این اے -122: ن لیگ سخت مقابلے کے بعد کامیاب
لاہور: حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امید وار اور قومی اسمبلی کے سابق سپیکر سردار ایاز صادق نے سخت مقابلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے علیم خان کو این اے -122 لاہور کے ضمنی الیکشن میں شکست دے دی۔
اتوار 11 اکتوبر کو پنجاب کے دو قومی (این اے 122 اور این اے 144) اور ایک صوبائی حلقے (پی پی 147) میں ضمنی الیکشن ہوئے۔
اوکاڑہ سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے-144 کے ضمنی انتخابات میں آزاد امیدوار ریاض الحق کامیاب رہے جبکہ لاہور کے ہی ایک اور صوبائی حلقے پی پی 147 میں پی ٹی آئی کو کامیابی ملی۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایاز صادق 76,204 ووٹوں کے ساتھ کامیاب رہے،جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان سخت مقابلے کے بعد 72,043 ووٹ حاصل کر پائے.
ایاز صادق نے اپنی جیت پر عوام کا شکریہ ادا کیا جبکہ ن-لیگ کے کئی قائدین نے ٹوئٹر پر ایاز صادق کو مبارک باد دیتے ہوئے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔
ایاز صادق کی جیت پر لاہور شہر میں ن-لیگی کارکن جشن مناتےرہے.
این اے-144 کے تمام 210 پولنگ اسٹیشنوں سے موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق آزاد امیدوار ریاض الحق جج نے 83240 ووٹ حاصل کرکے فتح حاصل کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے علی عارف چوہدری 41050 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبائی حلقے پی پی 147 میں پاکستان تحریک انصاف کے شعیب صدیقی نے 31,993 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ ن لیگ کے محسن لطیف 28,641 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے -122 کے 284 میں سے 80 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا، یہی وجہ تھی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حلقے میں 38 مقامات پر ناکہ بندی کی۔
لاہور کے حلقے این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں عوام کا بہت زیادہ جوش و خروش دیکھنے میں آیا، پولنگ اسٹیشنز کے باہر صبح سے ہی لوگوں کی قطاریں لگ گئی تھیں، گڑھی شاہو کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلزاسکول میں پہلا ووٹ ڈالا گیا۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی اور غیر حتمی، غیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری رہا۔
الیکشن کمشنز پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضمنی انتخابات کو دھاندلی سے پاک قرار دیا۔
ادھر، گیریژن کمانڈر لاہورنے انتخابی نتائج موصول ہونے کےطریقہ کارکا جائزہ لیااور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ تینوں حلقوں کے سرکاری نتائج کا اعلان آج صبح دس بجے کیا جائے گا.
تحریک انصاف کا احتجاج
این اے 122 میں گڑھی شاہو کے پولنگ اسٹیشنز نمبر 96 اور 98 میں تحریک انصاف نے احتجاج کیا۔
تحریک انصاف کے پولنگ ایجنٹ پولنگ اسٹیشنز سے باہر آگئے۔
پولنگ ایجنٹس کا کہنا تھا کہ بیلٹ باکسز کی سیل ان کے سامنے نہیں کھولی گئی۔
پی ٹی آئی کے ایجنٹس کے احتجاج کے باعث ووٹنگ کا عمل روک دیا گیا تھا، بعد ازاں پولنگ ایجنٹس اندر گئے جس سے ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔