ایم کیو ایم کا استعفے واپس لینے کا اعلان
اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے آئندہ ہفتے قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ سے استعفے واپس لینے کا اعلان کردیا۔
اس پیشرفت کا اعلان پارٹی کے سینیئر رہنما فاروق ستار نے وفاقی وزیر داخلہ اسحاق کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
اس موقع پر اسحاق داڑ نے ایک شکایتی کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا جسے 90 روز کے اندر شکایت پر کام کرنا ہوگا۔
اسحاق داڑ نے اس موقع پر ایم کیو ایم لیڈرشپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی خواہش تھی کہ متحدہ پارلیمنٹ میں اپنا کردار ادا کرے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ایم کیو ایم سے بات چیت میں مولانا فضل الرحمان نے بھی کردار ادا کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جس کا سندھ میں بڑا ووٹ بنک ہے۔
دوسری جانب فاروق ستار نے پریس کانفرنس کے دوران قومی و صوبائی اسمبلیوں اور سینیٹ سے استعفے واپس لینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور فلاحی سرگرمیوں پر پابندی کا خاتمہ ہونا چاہئے، جہان قانون کی خلاف ورزی اور آئین کی پامالی ہوئی ہو وہاں ازالہ ضروری ہے۔
انہوں نے استعفوں کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی رولنگ کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیاستی پختگی کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ازالہ کمیٹی ہمارے جائز مطالبات پر تیزی سے پیشرفت کرے گی۔
فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ کراچی سے جرائم کا مکمل خاتمہ ہو۔