پاکستان

وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات

نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کےدرمیان ملاقات میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا.

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ملک کی داخلی سلامتی سے متعلق مختلف امور زیر غور آئے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں افغانستان کی سلامتی کی صورتحال اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ پڑھیں : نواز شریف کو امریکی دورے کی دعوت

ذرائع کے مطابق ملاقات میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر اعظم کے آئندہ ہفتے دورہ امریکہ کے ایجنڈے پر بھی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کو امریکی صدر باراک اوباما نے دورے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرلی.

مزید پڑھیں : سیز فائر کا معاملہ دورہ امریکا میں اٹھانے کا فیصلہ

وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے حوالے سے گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اجلاس میں نواز شریف کے دورے کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا تھا.

اجلاس میں وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے دوران لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فائرنگ کا معاملہ امریکی حکام کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔