پاکستان

الطاف حسین کی ضمانت میں 4 ماہ کی توسیع

ایم کیو ایم قائد نے منی لانڈرنگ کیس میں لندن کے ایک پولیس اسٹیشن میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا.

لندن: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت میں ایک مرتبہ پھر چار ماہ کیلئے توسیع کردی گئی.

کیس میں مدت ضمانت ختم ہونے پر متحدہ کے قائد پیر کو لندن کے سدک پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا.

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پولیس اسٹیشن کے پچھلے دروازے سے اندر لے جایا گیا.

اس موقع پر ایم کیو ایم رہنما محمد انور، فاروق ستار، بیرسٹر سیف اور دیگر رہنما بھی الطاف حسین کے ہمراہ پولیس اسٹیشن میں موجود تھے.

ویڈیو دیکھیں: الطاف حسین کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کب اور کیسے شروع ہوا؟

ایم کیو ایم قائد کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس اُس وقت شروع ہوا جب اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں ایم کیوایم لندن سیکریٹریٹ سمیت مختلف گھروں پر 2012 میں چھاپے مارے، ان چھاپوں کے دوران 6 لاکھ پاؤنڈ برآمد ہوئے تھے.

برطانوی پولیس کی جانب سے 3 جون 2014 کو الطاف حسین کو منی لانڈرنگ کے الزامات میں نارتھ ویسٹ کے ایک گھر سے گرفتار کرکے سینٹرل لندن کے پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا.

مزید پڑھیں:منی لانڈرنگ کیس : الطاف حسین لندن میں گرفتار

الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے کے ساتھ ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہوگئے.

تاہم ابتدائی تفیش کے بعد 7 جون کو الطاف حسین کو جولائی 2014 تک ضمانت پر رہا کردیا گیا.

مزید پڑھیں:الطاف حسین ضمانت پر رہا ، دھرنے کے شرکاء سے خطاب

الطاف حسین نے رہائی کے کچھ دیر بعد کراچی میں اپنی گرفتاری کے خلاف بطور احتجاج دھرنے پر بیٹھے ہوئے ایم کیو ایم کے کارکنوں اور اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ آخری سانس تک حق کے لیے لڑتے رہیں گے.

ان کا کہنا تھا، "میں برطانوی قانون کا احترام کرتا ہوں اور مجھے برطانوی جوڈیشل سسٹم پر اعتماد ہے۔ میں ریفریشر کورس کے لیے جیل جانے کو بھی تیار ہوں۔"

مزید پڑھیں:الطاف حسین کا پاکستان سے لندن تک کا سفر

ایم کیو ایم قائد کی ضمانت میں پہلی مرتبہ توسیع جولائی 2014، دوسری بار دسمبر 2014، تیسری مرتبہ 14 اپریل 2015 اور چوتھی مرتبہ رواں برس جولائی کو توسیع دی گئی.

اسی کیس میں ایم کیو ایم رہنما طارق میر 6 اکتوبر اور محمد انور 7 اکتوبر کو پیش ہوں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی اور قائد الطاف حسین فی الوقت لندن میں مقیم ہیں جہاں وہ گذشتہ بیس سال سے زائد خود ساختہ جلاوطنی کاٹ رہے ہیں۔