پاکستان

مفتی تنویر عالم کو 6 ماہ قید اور جرمانے کی سزا

اہل سنت و الجماعت راولپنڈی کے سابق صدر کو مذہبی منافرت پھیلانے پر 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی گئی.

راولپنڈی: اہل سنت و الجماعت (اے ایس ڈبلیو جے) راولپنڈی چیپٹر کے سابق صدر مفتی تنویر عالم فاروقی کو مذہبی منافرت پھیلانے پر 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنادی گئی ہے.

واضح رہے کہ رواں برس پولیس کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے نفرت انگیز تقاریر کرنے پر مفتی تنویر عالم کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) 9 کے تحت مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتار کیا تھا، تاہم عدالت نے مفتی تنویر کی ضمانت منظور کرلی تھی.

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران جج آصف مجید اعوان نے مفتی تنویر عالم پر الزامات ثابت ہونے پر انھیں 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی.

جس کے بعد اے ایس ڈبلیو جے کے ضمانت پر رِہا رہنما مفتی تنویر عالم کو پولیس نے گرفتار کرلیا.

واضح رہے کہ کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ پاکستان (ایس ایس پی) سے تشکیل پانے والی تنظیم اہل سنت والجماعت پر فروری 2012 میں پابندی لگا دی گئی تھی۔

تاہم پابندی کے باوجود ملک میں اے ایس ڈبلیو جے کی سرگرمیاں جاری ہیں اور یہ تنظیم وقتاً فوقتاً مختلف شہروں میں مذہبی کانفرنسز اور اجتماعات منعقد کرتی رہتی ہے۔