پاکستان

آرمی چیف ایک روزہ دورے پر جرمنی پہنچ گئے

جنرل راحیل شریف وسطی اور جنوبی ایشیاء کی سلامتی کے موضوع پر کانفرنس میں شرکت اور خطاب کریں گے، ترجمان آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف جرمنی کے ایک روزہ سرکاری دورے پر میونخ پہنچ گئے ہیں.

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف جرمنی کے سرکاری دورے پر میونخ پہنچ گئے ، جہاں وہ وسطی اور جنوبی ایشیاء کی سلامتی کے موضوع پر کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق آرمی چیف کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔

آرمی چیف ایک ایسے وقت میں جرمنی کا دورہ کررہے ہیں جب گذشتہ دنوں وزیراعظم نواز شریف، جو اِن دنوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 70 ویں سیشن میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود ہیں، کی جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات ہوئی تھی۔

انجیلا مرکل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

یاد رہے کہ چند ماہ قبل آرمی چیف نے روس کا دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے ماسکو کے قریب آرمز ایکسپو میں شرکت کی اور وہاں موجود ہتھیاروں کی جانچ کی بلکہ ان کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا۔

مزید پڑھیں:پاکستان، روس کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ

جنرل راحیل شریف کے دورہ روس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان ایم آئی 35 ہیلی کاپٹر خریدنے کی ڈیل حتمی مراحل میں پہنچی تھی، جس پر گذشتہ ماہ دستخط کردیئے گئے۔