لائف اسٹائل

فیس بک کے لیے آپ کی اہمیت کیا ہے؟

فیس بک امریکی صارفین سے ایڈورٹائزنگ کی مد میں فی کس 48.76 ڈالرز سالانہ جبکہ دیگر ممالک کے صارفین سے 7.71 ڈالرز کماتی ہے۔

دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب افراد ہر ماہ کم از کم ایک بار سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک ضرور استعمال کرتے ہیں مگر اس سوشل میڈیا کی نظر میں آپ کی قدر یا اہمیت کیا ہے؟

کیا آپ کو معلوم ہے کہ فیس بک کے لیے آپ کتنی اہمیت رکھتے ہیں ؟ اگر تو آپ امریکا میں رہ رہے ہیں تو اس کے لیے مالی لحاظ سے بہت فائدہ مند ہے مگر دنیا کے دیگر ممالک کے باسی بھی اس ویب سائٹ کو بہت کچھ کما کر دے رہے ہیں۔

ایک مارکیٹ ریسرچ فرم ای مارکیٹ کی رپورٹ کے مطابق فیس بک اپنے امریکی صارفین سے ایڈورٹائزنگ آمدنی کی مد میں فی کس 48.76 ڈالرز سالانہ کما لیتی ہے جبکہ دیگر ممالک کے صارفین سوشل میڈیا کو ہر سال 7.71 ڈالرز کما کر دیتے ہیں۔

فیس بک کی امریکی صارفین سے حاصل ہونے والی یہ آمدنی 2016 میں 61.06 جبکہ 2017 میں 73.29 ڈالرز تک پہنچ جانے کا امکان ہے جبکہ دیگر ممالک میں یہ بالترتیب 9.26 اور 10.79 ڈالرز ہوجائے گی۔

فیس بک کے لیے اپنا آبائی ملک آمدنی کے لحاظ سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے جس کی وجہ مسابقتی اشتہاری صنعت ہے حالانکہ اس کے 83.1 فیصد روزانہ سرگرم رہنے والے صارفین امریکا اور کینیڈا سے تعلق نہیں رکھتے۔

اس وقت فیس بک پر روزانہ لاگ ان ہونے والے صارفین کی تعداد اس کے اپنے دعوے کے مطابق 96 کروڑ سے زائد ہے۔

سوشل نیٹ ورکس میں اشتہارات سے آمدنی بہت بڑا کاروبار ہے اور فیس بک سب سے بڑی ویب سائٹ ہے۔

ایک اندازے کے مطابق رواں برس فیس بک 2014 کے مقابلے میں 41.8 فیصد اضافے کے ساتھ صرف اشتہاروں سے ہی 16.29 ارب ڈالرز کما لے گی۔