منیٰ میں بھگدڑ، 717 حجاج جاں بحق
وزیر برائے مذہبی امور سردار یوسف نے حادثہ میں چھ پاکستانی حجاج کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی۔
منیٰ: مکہ معظمہ کے قریب منیٰ میں بھگدڑ مچنے کی وجہ سے چھ پاکستانیوں سمیت کم از کم 717 حجاج جاں بحق ہو گئے۔
سعودی سول ڈیفنس اتھارٹی کے مطابق جمعرات کو ہونے والی بھگدڑ میں 863 سے زائد حجاج زخمی بھی ہوئے۔
وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے حادثہ میں چھ پاکستانی حجاج کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یہ سانحہ شیطان کو کنکریاں مارنے کے دوران پیش آیا جسے رمی کہا جاتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد نے سانحے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
سعودی حج کمیٹی کے سربراہ شہزادہ محمد بن نائف منیٰ میں یہ احکامات ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد دیے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ تحقیقات کے نتائج سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیز کو پیش کیے جائیں گے جس کے بعد وہ مناسب کارروائی کریں گے۔