آپ کو 'جوانی پھر نہیں آنی' کیوں دیکھنی چاہیے؟
اسٹار کاسٹ، غیر ملکی لوکیشنز اور تفریح کی ضمانت کے ساتھ جوانی پھر نہیں آنی (جے پی این اے) باآسانی اس سیزن کی سب سے بڑی ریلیز ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ فلم کئی شعبوں میں متاثر کن ہے جیسے کچھ اداکاروں کی بہترین اداکاری، اسٹائلنگ اور بہت زیادہ مزاح، مگر اس کا معیار کچھ بیکار گانوں، مصنوعات کی تشہیر کے ناگوار انداز، اور بولی وڈ سے بہت زیادہ متاثر ہونے نے گرایا بھی ہے۔ تاہم پھر بھی یہ ہنسنے پر مجبور کردینے والی ایسی تفریحی فلم ہے جو عید کے لیے بہترین ہے۔
شیری اور بدقسمت شوہروں کے گروپ کا تعارف
ہمایوں سعید نے فلم میں ایک وکیل شیری کا کردار ادا کیا ہے جو کئی برسوں بعد امریکا سے واپس آتا ہے تو اسے پتا چلتا ہے کہ اس کے تین بہترین دوست اب مظلوم شوہروں کا روپ اختیار کرچکے ہیں۔
شیری اپنے دوستوں کے ہمراہ بینکاک کے دورے کا انتظام کرتا ہے جہاں مہوش حیات، جو ایک انڈر ورلڈ ڈان کی بیٹی ہے، اس کی محبت میں گرفتار ہوجاتی ہے۔ پلاٹ میں پیچیدگی اس وقت آتی ہے جب شیری کے دوستوں کی بیویوں کو سب کچھ پتا چلتا ہے اور جب ان تینوں دوستوں کی شادیاں ٹوٹنے کے قریب پہنچ جاتی ہیں تو شیری خود لاہور کا رخ کرتا ہے تاکہ ایک ارب پتی شخص کی بیٹی سے شادی کرسکے. یہ کردار سوہائے علی ابڑو نے ادا کیا ہے۔
جب مہوش لاہور پہنچ کر شیری پر اپنا حق جتاتی ہے تو ہنگامہ شروع ہو جاتا ہے۔