پاکستان

را کے دو مشتبہ ایجنٹ کرم ایجنسی سے گرفتار

دونوں مبینہ ہندوستانی ایجنٹوں کو 19 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا مگر انہیں آج میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

پشاور : سیکیورٹی فورسز نے منگل کو مبینہ طور پر ہندوستانی انٹیلی جنس ادارے را سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو کرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دونوں مبینہ ہندوستانی ایجنٹوں کو 19 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا مگر انہیں آج میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔

را کے مبینہ ایجنوں کو ایک انٹیلی آپریشن کے دوران سیکیورٹی اداروں نے حراست میں لیا۔

اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کرم ایجنسی شاہد اللہ کا میڈیا کو بریفنگ کے دوران کہنا تھا "دوران تفتیش زیرحراست ملزمان نے انڈین ایجنسی را کے لیے کام کرنے کا اعتراف کیا"۔

انہوں نے مزید کہا "ملزمان کرم ایجنسی میں دہشت گردی اور فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے میں مصروف تھے۔

ان کے بقول ' دونوں افراد کے قبضے سے 1لاکھ 78ہزار انڈین کرنسی اور 3سو امریکی ڈالر سمیت سیکورٹی فورسز کی وردیاں برآمد کی گئیں'۔

گزشتہ ہفتے ڈان اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ را کے دو مبینہ ایجنٹ واہگہ سے گرفتار ہوئے۔

اس سے قبل اگست میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے را سے تعلق پر چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔