لائف اسٹائل

کپل شرما کی ڈیبیو فلم کو قانونی نوٹس کا سامنا

کناڈا زبان کی کامیڈی فلم 'نمبے ہلی'کے میکرز کے مطابق فلم 'کس کس کو پیار کروں' کی کہانی اُن کی فلم سے مماثلت رکھتی ہے۔

ہندوستان کے مشہور کامیڈی پروگرام " کامیڈی نائٹس وِد کپل" کے میزبان کپل شرما کی ڈیبیو فلم "کس کس کو پیار کروں" کو پہلے قانونی نوٹس کا سامنا کرنا پڑگیا ہے.

ہندوستانی نیوز ویب سائٹ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کناڈا زبان میں بننے والی کامیڈی فلم "نمبے ہلی" کے فلمسازوں کا کہنا ہے کہ فلم "کس کس کو پیار کروں" کی کہانی مبینہ طور پر اُن کی فلم سے مماثلت رکھتی ہے، جو ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بہت ساری بیویوں کے ساتھ ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں رہائش پذیر ہے.

واضح رہے کہ مذکورہ کناڈا فلم کے ہندی ری میک کے حقوق تامل ناڈو کے ایک پروڈکشن پاؤس نے حاصل کیے تھے.

تاہم کپل شرما کی ڈیبیو فلم کا ٹریلر دیکھتے ہی چنائی سے تعلق رکھنے والے فلم میکرز شاک میں آگئے اور انھوں نے گذشتہ ہفتے ہائی کورٹ میں اس حوالے سے شکایت درج کروادی.

قانونی نوٹس میں بولی وڈ فلم " کس کس کو پیار کروں" کے میکرز سے اس "مماثلت" کی وضاحت دینے کو کہا گیا ہے.

عباس مستان کی ہدایات میں بننے والی فلم "کس کس کو پیارکروں" میں کپل شرما اور ایلی ایورم مرکزی کردار ادا کررہے ہیں.

رتن جین گنیشن جین اور عباس مستان کی اس مشترکہ پروڈکشن میں ورون شرما، سپریا پاتھک، منوج جوشی اور ارباز خان بھی کردار ادا کرتے ہوئے نظر آئیں گے.

فلم "کس کس کو پیار کروں" رواں ماہ 25 ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔