جنوبی وزیرستان میں ڈرون حملہ، 6 'دہشتگرد' ہلاک
اسلام آباد: وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی ایجنسی جنوبی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے.
ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی میں امریکی ڈرون سے 2 میزائل داغے گئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ ان کا ٹھکانہ تباہ ہوگیا.
تاحال ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی.
یاد رہے کہ وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان،جنوبی وزیرستان اور خیبر ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے اور یہاں دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے مابین جھڑپوں کے واقعات ہوتے رہتے ہیں۔
2003 کے فوجی آپریشن سے قبل جنوبی وزیرستان ایک پرسکون علاقہ ہوا کرتا تھا، تاہم فوجی آپریشن اور تواتر سے ہونے وانے ڈرون حملوں کے باعث یہاں امن و امان کی صورتحال نہایت مخدوش رہی ہے۔
کہا جاتا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے اسی علاقے میں جنم لیا جبکہ پاکستان کی اکثر کالعدم تنظیموں کا مرکز بھی یہ علاقہ رہا ہے۔
اکتوبر 2009 میں پاک فوج نے یہاں مبینہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن راہ نجات شروع کیا تھا۔