پاکستان

بلوچستان سے اغوا 6 پاکستانی افغانستان سے بازیاب

بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چھ مغوی ملازمین کی رہائی میں پکتیکا کے قبائلی عمائدین نے اہم کردار ادا کیا۔

کوئٹہ: بلوچستان سے اغوا ہونے والے چھ سرکاری ملازمین کو افغان صوبے پکتیکا سے بازیاب کرا لیا گیا۔

قلعہ سیف اللہ سے اغوا ہونے والے بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چھ ملازمین کو پکتیکا کے علاقے شران سے بازایاب کرنے کے بعد مقامی قبائلی سردار اعظم خان کی رہائش گاہ پر پہنچا دیا گیا۔

مغوی ملازمین کے اہل خانہ نے ڈان نیوز سے گفتگو میں تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے عزیزوں کی محفوظ بازیابی میں پکتیکا کے عمائدین نے اہم کردار ادا کیا۔

یاد رہے کہ وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ وہ مغوی اہلکاروں کی محفوظ واپسی کیلئے افغان حکام سے رجوع کریں۔

سیکیورٹی فورسز نے اغوا کے بعد سرچ آپریشن شروع کیا تھا کہ تاہم اغوا کاروں کے سرحد عبور کیے جانے کی وجہ سے انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

ادھر، بلوچستان کے علاقے سبی میں ایک عسکریت پسند کمانڈر نے اپنے چھ ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال دیے۔

کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر اور ساتھیوں نے ایک یہاں ایک منعقدہ تقریب میں ہتھیار ڈالتے ہوئے پر امن زندگی گزارنے کا اعلان کیا۔