پاکستان

ٹیرر فنڈنگ روکنے کا موجود طریقہ ناکافی، چوہدری نثار

ایف آئی اے کو نئی حکمت عملی تیار کرنے اور سٹیٹ بینک سمیت دوسرے مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملک میں دہشت گردی کیلئے فنڈنگ کی روک تھام کیلئے موجود طریقہ کار پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔

چوہدری نثار نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو اس حوالے سے نئی حکمت عملی تیار کرنے اور سٹیٹ بینک سمیت دوسرے مالیاتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نثار کے مطابق، سٹیٹ بینک اور موجودہ مالیاتی نگران یونٹ کے تحت مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی مقامی یا غیر ملکی مشکوک ٹرانزیکشن کے خلاف برق رفتاری سے کارروائی کرنا ایف آئی اے کی ذمہ داری ہے۔

پیر کو یہاں چوہدری نثار کی سربراہی میں دہشت گردی کیلئے فنڈنگ کے نیٹ ورک توڑنے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران چوہدری نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ رینجرز اور پولیس کی مدد سے فوراً ملک میں سرگرم انسانی سمگلنگ کے گروہوں کے خلاف کارروائی شروع کرے۔

انہوں نے پاک-افغان سرحد پر انسانوں کی غیر قانونی نقل و حرکت کی سخت نگرانی کیلئے متعلقہ اداروں کو بھی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔