لائف اسٹائل

دپیکا کی فاونڈیشن کا افتتاح 10 اکتوبر کو ہو گا

دپیکا نے ’Live, Love, Laugh‘ نامی اس فاؤنڈیشن کا قیام ذہنی دباؤ کا شکار افراد کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے کیا ہے۔

ایک عرصے تک خود ڈپریشن میں مبتلا رہنے والی بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون ذہنی دباؤ کے شکار مریضوں کے لیے قائم اپنی فاؤنڈیشن ورلڈ مینٹل ہیلتھ ڈے کے موقع پر شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

دی ہندو کے مطابق دپیکا کی ’Live, Love, Laugh‘ نامی فاؤنڈیشن 10 اکتوبر کو لانچ کی جائے گی۔

دپیکا نے بولی وڈ میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’اوم شانتی اوم‘ سے ڈیبیو کیا تھا تاہم فلمی صنعت میں اپنی صحیح جگہ بنانے کی جدوجہد کے دوران گزشتہ سال انہیں ڈپریشن کا سامنا کرنا پڑا۔

دپیکا اس وقت ایک مثال بن گئیں جب انہوں نے اپنے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کے حوالے سے عوامی سطح پر بات چیت شروع کی۔

ہندوستان ٹائمز کو ایک انٹرویو میں دیپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ ’اداس رہنا اور ڈپریشن کا شکار ہونا دو مختلف باتیں ہیں جس کی عام مثال یہ ہے کہ ڈپریشن کسی کو نظر نہیں آتا البتہ اداس انسان سب کو اداس نظر آجاتا ہے‘۔

دپیکا کا اپنے ڈپریشن میں مبتلا رہنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ لوگ ان سے اکثر سوال کرتے ہیں کہ 'آپ بولی وڈ کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہونے، اچھا گھر ،گاڑیاں رکھنے کے باوجود کیسے ڈپریشن میں مبتلا ہو سکتی ہیں؟'

دپیکا کا کہنا تھا کہ 'میرا جواب یہی ہوتا ہے کہ ڈپریشن کا تعلق اپنے پاس موجود وسائل سے نہیں ہوتا ہے‘۔

ان کے مطابق لوگ جسمانی فٹنس کے بارے میں زیادہ بات کرتے ہیں لیکن ذہنی صحت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔

دپیکا آخری مرتبہ باکس آفس پر کامیاب ہونے والی فلم ’پیکو‘ میں اداکاری کرتی نظر آئی تھیں اور اس وقت وہ اپنی آنے والی فلم ’تماشا‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ اداکار رنبیر کپور نظر آئیں گے۔