پاکستان

علماء کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم گرفتار

ملزم مذہبی رہنما مفتی شامزئی کے قتل سمیت دیگر علمائے کرام کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا، تعلق سیاسی جماعت سے ہے،کراچی پولیس

کراچی: کراچی پولیس نے نے مقابلے کے بعد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مقابلے کے بعد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ملزم وصی حیدر کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انسپیکٹر ناصرالحسن، ہائی کورٹ کے ملازم بشیر احمد، مذہبی رہنما مفتی شامزئی، مولانا عبدالمجید دین پوری، حافظ محمد احسان علی شاہ، مفتی صالح محمد قاضی اور مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں سمیت کاروباری افراد کے قتل میں ملوث ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم وصی حیدر کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ملزم 2002 میں حیدرآباد سے کراچی منتقل ہوا اور لائنز ایریا میں رہائش اختیار کی۔

پولیس کے مطابق ملزم نے سال دو ہزار چار میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرکے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کے ساتھ مل کرقتل اور بھتہ خوری کی وارداتوں میں شامل رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم سال 2005 میں گرومندر کے قریب مفتی شامزائی کی ریکی کرنے والے ملزمان میں شامل تھا۔

ملزم نےسال 2007 اور 2008 میں لائنز ایریا میں صفدر نامی کباڑیے کو بھتہ نہ دینے پرساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا تھا۔

ملزم نے سال 2009 میں لائنز ایریا میں پولیس انسپیکٹر ناصرالحسن کو ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے سال 2010 اور 2011 میں ہائی کورٹ کے ملازم بشیر احمد اور سیاسی جماعت کے کارکن عبدالشکور کو اپنے ساتھیوں کے ساتھ قتل کیا۔

ملزم نے سال 2011 میں لائنز ایریا میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نسیم عرف بھیا، راؤگل شیر اور راؤ عدیل کا قتل کیا۔

ملزم وصی حیدر نے سال 2012 میں لائنز ایریا میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کرمذہبی جماعت کے کارکن بابر کو قتل اور صدر میں عبدالصمد نامی شخص کو فائرنگ کرکے زخمی کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے سال 2013 میں لائنز ایریا میں مذہبی جماعت کے کارکن عمران اور سیاسی جماعت کے کارکن عادل معراج کو قتل کیا۔

ملزم نے سال 2013 میں شاہراہ فیصل پرایک ہائی روف میں سوار علما کرام مولانا عبدالمجید دین پوری، حافظ محمد احسان اور مفتی صالح محمد قاضی کو اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا۔