قومی ٹی ٹوئنٹی: ملتان کے ہاتھوں سیالکوٹ کو شکست
راولپنڈی: کامران اکمل کی نصف سنچری کی بدولت ملتان ریجن نے سیالکوٹ ریجن کو سات رنز سے شکست دیدی۔
راولپنڈی، اسلام آباد میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 162 رنز کا اسکور بنا ڈالا۔
اننگ کی خاص بات کامران اکمل کی 40 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز تھی۔ اس کے علاوہ نوید یاسین 26 جبکہ صہیب مقصود 24 رنز بناسکے۔
سیالکوٹ کی جانب سے بلال آصف نے 32 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سیالکوٹ کا آغاز ناقص رہا اور اس کی چار وکٹیں صرف 23 رنز پر گرگئیں۔
شعیب ملک اور حارث سہیل کی شراکت نے اننگز کو کچھ سہارا دیا تاہم سیالکوٹ یہ میچ سات رنز سے ہار گیا۔
ملتان کی جانب سے ماجد علی نے 29 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
کامران اکمل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
دوسری جانب ایک اور میچ میں رفعت اللہ مہمند اور مصدق احمد کی شاندار بلے بازی کی بدولت پشاور ریجن نے اسلام آباد ریجن کے خلاف سات وکٹوں سے باآسانی کامیابی حاصل کی۔
اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آفاق رحیم کے 77 بابر اعظم کے 60 رنز کی بدولت 181 رنز بنا ڈالے۔
جواب میں پشاور کی آغاز میں رفعت اللہ کی بیٹنگ نے پشاور کی اننگز کو تیز رفتار آغاز فراہم کیا۔
تاہم مصدق احمد کے 18 گیندوں پر 57 رنز نے گیم کو پوری طرح پشاور کے فیور میں کردیا۔
اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم نے 18 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مصدق احمد بہترین بلے بازی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔