پاکستان

اٹک: ڈینگی اسپرے سے 30 طالبات بے ہوش

متاثرہ طالبات کے والدین نے الزام لگایا کہ اسپرے زائد المیعاد تھا جبکہ حفاظتی تدابیر کو بھی ملحوظِ خاطر نہیں رکھا گیا۔

راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے ڈسٹرکٹ اٹک کے ایک اسکول میں ڈینگی اسپرے کے نتیجے میں 30 سے زائد طالبات بے ہوش ہوگئیں.

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق اٹک کے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جنڈ میں، جہاں تقریباً 700 کے قریب طالبات زیرِ تعلیم ہیں، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) کی جانب سے ڈینگی اسپرے کیا گیا، جس کے نتیجے میں 400 سے زائد طالبات متاثر جبکہ 30 کے قریب بے ہوش ہوگئیں۔

متاثرہ طالبات کو تحصیل ہیڈ کوراٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال، جنڈ منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ ہسپتال میں صرف 40 بستروں کی گنجائش ہے اور طالبات کو مناسب علاج فراہم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

واقعے کے بعد متاثرہ طالبات کے والدین فوری ہسپتال پہنچے اور انھوں نے الزام عائد کیا کہ اسکول میں کیا گیا اسپرے زائد المیعاد تھا جبکہ ٹی ایم اے نے حفاظتی تدابیر کو بھی ملحوظِ خاطر نہیں رکھا۔

والدین کا کہنا تھا کہ ڈینگی اسپرے اسکول کی چھٹی کے بعد کیا جانا چاہیے تھا۔