پاکستان

قاسم ضیاء کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، قاسم ضیا کے وکیل کے مطابق ان پر کرپشن کا مقدمہ جھوٹا بنایا گیا۔
| Welcome

لاہور: کرپشن کیس میں گرفتار پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیا کی درخواست ضمانت پر لاہور ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

قاسم ضیا کے وکیل نے عدالت کوبتایا کہ کسی دستاویز پردستخط نہ ہونے کے باوجود ان کے مؤکل پر کرپشن کا مقدمہ جھوٹا بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے قاسم ضیا کو جس کمپنی کا نمائندہ ظاہر کیا وہ اس کے ڈائریکٹر ہیں اور نہ ہی ابھی تک ان کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیا پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور ڈائریکٹر سیکیورٹی کمپنی کے ذریعے کروڑوں روپے کی خور بورد کی۔

قاسم ضیاء کو 8 اگست کو گرفتار کیا گیا تھا.

یہ بھی پڑھیں : پی پی رہنما قاسم ضیاء گرفتار

خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما قاسم ضیاء پنجاب اسمبلی میں 2002 سے 2007 کے دوران اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں.

بعد ازاں وہ 2008 میں بھی رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور 2013 تک پنجاب اسمبلی کے رکن رہے.

یاد رہے کہ قاسم ضیا ماضی میں 1981 سے 1987 تک قومی ہاکی ٹیم کا حصہ بھی رہے ہیں، 1984 میں امریکا میں لاس اینجلس اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھا۔

قسم ضیا کو اکتوبر 2008 میں پیپلز پارٹی کے دورے حکومت میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔