پاکستان

ہنگو: اے این پی کا کونسلر بم دھماکے میں ہلاک

ڈسٹرکٹ کونسلر ممتاز خان کی گاڑی کو سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، ایک ساتھی اور بھی ہلاک ہوا.
|

پشاور: ہنگو میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹ (اے این پی) کے ڈسٹرکٹ کونسلر ساتھی سمیت ہلاک ہو گئے۔

اے این پی کے ڈسٹرکٹ کونسلر ممتاز خان گاڑی میں جا رہے تھے کہ ہنگو میں تورا وراڑی کے قریب سڑک کے کنارے نصب بم کو ریمورٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا۔

دھماکے سے گاڑی میں موجود ممتاز خان سمیت 3 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ممتاز خان اور ان کے ایک ساتھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔

دوسری جانب اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی کی ہنگو میں پارٹی کونسلر ملک ممتاز پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی.

اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی محفوظ نہیں، عمران خان دعوٰی کرتے ہیں کہ صوبے میں امن آ گیا.

اے این پی کے سربراہ نے کہا کہ کے پی کے میں اے این پی کے کارکنوں اور رہنماوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،کے پی کے حکومت دہشت گردوں کو پکڑنے سے ڈرتی ہے.