پاکستان

لاہور میں 'سور' کے گوشت کی فروخت کا انکشاف

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی مقدارمیں سور کا مبینہ گوشت برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔
|

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہورریلوے اسٹیشن کے قریب کارروائی کرکے بڑی مقدار میں سور کا مبینہ گوشت برآمد کرلیا.

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر آف آپریشنز عائشہ ممتاز کے مطابق لاہور ریلوے اسٹیشن کے قریب نولکھا کے علاقے میں مبینہ طور پر سور کا گوشت فروخت کیے جانے کی اطلاع پر چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں سور کا مبینہ گوشت برآمد کیا گیا ہے.

عائشہ ممتاز کے مطابق تقریباً 3 من کے قریب سور کا مبینہ گوشت راولپنڈی سے بذریعہ ٹرین لا کر مارکیٹوں میں سپلائی کیا جارہا تھا، جسے قبضے میں لے کر ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوادیا گیا.

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عائشہ ممتاز کا کہنا تھا کہ سور کا یہ مبینہ گوشت بڑی بڑی فوڈ چینز کو فروخت کیا جاتا تھا جبکہ مختلف آئسکریم فلیورز میں بھی اس کی چربی کو استعمال کیے جانے کی اطلاعات ملی ہیں.

انھوں نے مزید بتایا کہ موقع سے ایک شخص کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جس سے مزید تفتیش کر کے اس پورے نیٹ ورک تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی.

واضح رہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ان دنوں پنجاب کے مختلف علاقوں میں مضر صحت اشیاء بنانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔