پاکستان

ن لیگ کا این اے-122، این اے-154 میں ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان

پاکستان مسلم لیگ نواز نے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے-122 اور این اے-154 میں ضمنی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز نے جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے حلقوں این اے-122 اور این اے-154 میں ضمنی انتخابات لڑنے کا اعلان کردیا۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سردار ایاز صادق کیخلاف این اے-122 لاہور سے ضمنی انتخاب لڑنے کی دعوت دی جبکہ انہوں نے جہانگیر ترین کو بھی این اے-154 میں انتخاب لڑنے کی دعوت دی۔

اسلام آباد میں جماعت کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترقی اور منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ان کی پارٹی ان حلقوں میں حکم امنتاعی حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ صرف ایک تھرڈ امپائر کو جانتی ہے اور وہ عوام ہیں، ان کی جماعت انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتی۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ این اے-122 سے ن لیگ کے امیدوار ایاز صادق ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایاز صادق کے وکیل ملک سے باہر ہیں، الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی جائے گی تاہم اس سلسلے میں حکم امتناع کے لیے کوشش نہیں کی جائے گی۔

پرویز رشید نے کہا کہ ن لیگ نے اب تک پی ٹی آئی کو تمام ضمنی انتخابات میں شکست دی ہے اور آئندہ آنے والے ضمنی انتخابات میں بھی ایسا ہی ہوگا۔

خیال رہے کہ یہ بیانات ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب گزشتہ روز این اے-154 لودھراں پر الیکشن ٹریبونل نے اپنا فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں دیا اور حلقے میں دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق اور ایاز صادق کے خلاف بھی ایسا ہی فیصلہ آچکا ہے۔

ٹریبونل نے تینوں حلقوں میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا ہے۔