پاکستان

منی لانڈرنگ کیس: لندن پولیس کو لاکھوں پاؤنڈز رکھنے کی اجازت

عدالتی حکم کے بعد پولیس الطاف حسین کی رہائش گاہ سے برآمد ہونے والی رقم مزید تین مہینے پاس رکھ سکے گی۔

کراچی: لندن کی ایک عدالت نے میٹروپولیٹن پولیس کو منی لانڈرنگ کے ایک کیس کی تحقیقات کے دوران چھاپے میں برآمد ہونے والے لاکھوں پاؤنڈز مزید تین مہینے قبضے میں رکھنے کی اجازت دے دی۔

الطاف حسین سمیت متحدہ قومی موومنٹ کے متعدد سیاست دانوں اور کاروباری شخصیت سرفراز مرچنٹ کو منی لانڈرنگ کے اس کیس میں گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی ملی تھی۔

ایم کیو ایم نے لندن سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے ذریعے آج ویسٹ لندن مجسٹریٹ کی عدالت میں نقد رقم برآمد ہونے سے متعلق ایک سول مقدمے کی سماعت کی تصدیق کی۔

بیان میں بتایا گیا کہ ’آج سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے کسی رکن کی پیشی نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی نے پیشی میں تاخیر کی درخواست کی تھی‘۔

یاد رہے کہ برطانوی پولیس نے لندن میں الطاف حسین کی رہائش سمیت ایم کیو ایم کے مختلف مقامات سے بڑی تعداد میں نقد رقم برآمد کی تھی۔