پاکستان

پاک-ہند بارڈر سیکیورٹی افسران کی ملاقات طے

پاکستان کی رینجرز اور ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے سربراہان کے درمیان ملاقات 9 سے 13 ستمبر تک نئی دہلی میں ہوگی۔
| |

اسلام آباد : پاکستان کی رینجرز اور ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے سربراہان کے درمیان ملاقات 9 سے 13 ستمبر تک نئی دہلی میں ہوگی۔

ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو میں رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ 1961 کے طے کردہ اصولوں کے مطابق ڈی جی رینجرز اور آئی جی بی ایس ایف کے درمیان ملاقات ہو گئی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں کمانڈرز میں ملاقات 9 ستمبر کو نئی دہلی میں ہو گی۔

پاکستان ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے شہریوں کی ہلاکت کا معاملہ اٹھائے گا۔

ملاقات میں سرحد پر ہونے والی اسمگلنگ اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

رینجرز کے ترجمان نے کہا کہ اس ملاقات سے قبل بی رینجرز اور ایس ایف کے نمائندوں میں واہگہ بارڈر پر ملاقات ہوئی، جس میں نئی دہلی ملاقات کا ایجنڈا طے کیا گیا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں وکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر دونوں جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

پاکستان نے گزشتہ 10 روز کے دوران 2 بار ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کے لیے طلب کیا.

17 اگست کو ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو بی ایس ایف کی ایل او سی پر کوٹلی کے مقام پر بلا اشتعال شیلنگ سے ایک خاتون سمیت 3 شہریوں کی ہلاکت اور 15 کے زخمی ہونے پر طلب کیا گیا تھا، بعد ازاں 19اگست جندکروٹ، نکھیال اور کریلا سیکٹرز میں بھی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت جبکہ چار دیگر کے زخمی ہونے پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا.

پاکستان کی جانب سے ہندوستان کو آگاہ کیا گیا کہ دو ماہ میں 70 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی.

دی ہندو کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کے حکام کا دعویٰ ہے کہ مئی 2014 سے مئی 2015 کے دوران پاکستان کی جانب سے 46 بار سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ گزشتہ 3 ماہ میں 49 بار خلاف ورزی سامنے آئی ہے.

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے بارڈر سیکیورٹی پر مامور فورسز کے سربراہان میں آخری ملاقات دسمبر 2013 میں ہوئی تھی جس کے بعد کوئی ملاقات نہ ہو سکی، البتہ روس کے شہر اوفا میں پاکستان اور ہندوستان کے وزراء اعظم کے ملاقات میں افسران کی ملاقات طے کی گئی تھی.

واضح رہے کہ 23 اور 24 اگست کو پاکستان اور ہندوستان کے داخلی سیکیورٹی کے مشیروں کی ملاقات بھی طے تھی مگر یہ ملاقات منسوخ ہو گئی تھی، ہندوستان نے شرط عائد کی تھی کہ پاکستانی کی داخلی سیکیورٹی کے مشیر سرتاج عزیز مذاکرات سے قبل کشمیر کے حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات نہ کرے جبکہ پاکستان نے زور دیا تھا کہ ہندوستان مذاکرات سے قبل پیشگی شرائط عائد نہ کرے.