دنیا

سرینگر میں پاکستانی جھنڈے لہرائے گئے

نئی دہلی کا موقف کمزور ہے لہذا اسے چاہیئے کہ وہ اپنے سخت رویہ کا از سر نو جائزہ لے، کشمیری رہنما شبیر شاہ۔

سرینگر:پاکستان اور انڈیا کے قومی سلامتی مشیروں کے درمیان شیڈول گفتگو سے پہلے جمعہ کو سری نگر میں پاکستان کے جھنڈے لہرا دیے گئے۔

یہ جھنڈے نواہٹا میں جامع مسجد کے قریب دیکھے گئے۔

کشمیری رہنما شبیر شاہ نے کہا ہے کہ انڈین حکومت کا موقف کمزور ہے لہذا اسے چاہیئے کہ وہ مذکرات کے حوالے سے اپنے سخت رویہ کا از سر نو جائزہ لے۔

شاہ نے اے این آئی نیوز ایجنسی کو بتایا ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان تعلقات کشمیر کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔۔۔ پاکستانی حکومت پر زور دینا کہ وہ حریت رہنماؤں سے نہ ملے درست رویہ نہیں‘۔

’انڈین حکومت کو یہ ہٹ دھرمی ختم کرنی چاہیئے کیونکہ ان کا موقف بہت کمزور ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر مسئلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اگر نئی دہلی کشمیری رہنماؤں سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو وہ تیار ہیں۔

دوسری جانب، جموں اور کشمیر کی ہائی کورٹ نے جمعہ کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کشمیری رہنما مسرت عالم کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔

مسرت عالم کو حریت کانفرنس کی ریلی میں مبینہ طور پر پاکستانی جھنڈے لہرانے اور انڈیا مخالف نعروں پر 17 اپریل کو حراست میں لیا گیا تھا۔