عامر پاکستان میں باکسنگ کے روشن مستقبل کیلئے پرامید
اسلام آباد: برطانوی باکسر عامر خان نے پاکستانی نوجوانوں میں باکسنگ کیلئے محبت کو سراہتے ہوئے ملک میں کھیل کی ترقی کیلئے مکمل سپورٹ کا عزم ظاہر کیا ہے۔
جمعہ کو اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ ایک تقریب میں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ اور کھیلوں میں دلچسپی لینے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ پاکستان ایک بہترین ملک ہے جس میں بہت ٹیلنٹ ہے اور اسے منظر عام پر لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہم پاکستان سے بہت سے چیمپیئنز بنا سکتے ہیں اور ایسا کرنے کیلئے میں ایک اکیڈمی کے قیام کا اعلان کرتا ہوں۔
مشہور برطانوی باکسر نے کہا کہ پاکستان میں ہونا میرے لیے بہت قابل فخر بات ہے اور میں نوجوانوں کی مکمل سپورٹ کرنا چاہتا ہوں۔
|
انہوں نے نوجوان باکسرز، ٹرینرز اور وزارت بین الصوبائی رابطے کے حکام سے خطاب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کہ کس طرح ان کے والد نے کم عمری میں باکسنگ کے کھیل کے لیے ان کی محبت اور جذبے کو سپورٹ کیا۔
’باکسنگ نے میری زندگی تبدیل کردی، میں نے آٹھ سال کی عمر میں باکسنگ شروع کی تھی، میرے والد مجھے جم تک لے کر گئے‘۔
انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس موقع تھا اور میں پاکستان کے نوجوانوں کو بھی یہ مواقع فراہم کرنا چاہتا ہوں تاکہ وہ جم جا سکیں، تربیت اور کوچنگ حاصل کر سکیں۔
نوجوانوں میں باکسنگ کیلئے جوش و جذبہ دیکھ کر عامر پاکستان میں اس کھیل کے مستقبل کے حوالے سے خاصے پرامید نظر آئے۔
انہوں نے کا کہ میرا ماننا ہے کہ پاکستان دنیا میں باسکنگ کی بہترین قوم بن سکتا ہے۔ ہم میں ٹیلنٹ موجود ہے، ہم میں وہ سب کچھ ہے جس کی ضرورت ہے اور میں اس کیلئے مکمل سپورٹ کرنے کیلئے تیار ہوں۔
|