کھیل

باکسنگ چیمپیئن شپ: پاکستان کی شرکت کا امکان روشن

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ میں پاکستان کی شرکت کیلئے فنڈ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا.

اسلام آباد: پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فنڈز جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ساتھ ہی پاکستانی باکسرز کی ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ میں شرکت پر سوالیہ نشان ہٹ گیا ہے۔

فنڈ کی کمی کے سبب 25 اگست سے پانچ ستمبر تک بنکاک میں ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ میں پاکستانی باکسرز کی شرکت مشکوک دکھائی دیتی تھی جہاں اسپورٹس بورڈ نے فیڈریشن کو اس صورتحال کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے وقت پر معاملے سے آگاہ نہیں کیا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنیرا نے کہا کہ حالانکہ ایونٹ کے انعقاد میں اب صرف چند دن کا وقت باقی رہ گیا ہے لیکن اس کے باوجود ہم میگا ایونٹ میں باکسنگ ٹیم کی شرکت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے کسی بھی عالمی ایونٹ میں شرکت کیلئے حکومتی ہدایات کے مطابق فیڈریشن کو ٹیم کی روانگی سے کم از کم چھ ہفتے قبل ایونٹ کے دعوت نامے کے ساتھ اسپورٹس بورڈ کا فراہم کردہ فارم، کمپیوٹر کلیئرنس فارم، شوریٹی بانڈ، عہدنامہ اور محکمے کا اجازت نامہ جمع کرانا ہوتا ہے۔

تاہم اختر نواز نے دعویٰ کیا کہ باکسنگ فیڈریشن یہ تمام درکار تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہی لیکن اس کے باوجود پاکستان اسپورٹس بورڈ باکسنگ ٹیم کی ایشین باکسنگ چیمپیئن شپ میں شرکت یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

باکسنگ فیڈریشن کو 27 جولائی کو لکھے گئے خط کے ذریعے اوپر دی گئیں تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایات کی گئی تھی لیکن انہوں نے اسپورٹس بورڈ کے خط پر کوئی توجہ نہ دی۔

انہوں نے کہا کہ باکسنگ فیڈریشن نے خصوصی گرانٹ کیلئے درکار تفیصلات فراہم کیے بغیر ہی اسپورٹس بورڈ کو 15 اگست کو ایک خط تحریر کر کے 21 لاکھ 51 ہزار 340 روپے فنڈ جاری کرنے کی درخواست کی۔

’اس وقت میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کتنا فنڈ جاری کرے گا لیکن ایک بات واضح ہے کہ اور وہ یہ کہ ہم اپنے باکسرز کی ایشین چیمپیئن شپ میں شرکت یقینی بنائیں گے‘۔