پاکستان

بلوچستان میں ایف سی پر حملہ، تین اہلکار ہلاک

سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو مسلح افراد ہلاک ہوگئے۔

کوئٹہ: مسلح افراد نے افغان سرحد کے قریب بلوچستان کے ضلع چاغی میں تین ایف سی اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔

ایک سیکورٹی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ ایف سی کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں دو حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ واقعے میں تین فوجی ہلاک جبکہ دو حملہ آور مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افراد افغانستان سے پاکستان میں سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے داخل ہوئے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی لاشیں تحویل میں لے لی ہیں۔

ان کے مطابق حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

حملے کے بعد علاقے کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔