دنیا

ہندوستان-فرانس، رافیل طیاروں کے معاہدے میں مشکلات

دونوں ممالک کے درمیان رافیل طیارے کی قیمت اور فروخت کی شرائط پر اتفاق قائم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

نئی دہلی: ہندوستان اور فرانس کے درمیان 36 رافیل طیاروں کی خرید وفروخت کا معاہدہ مشکلات کا شکار ہوگیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہندوستان کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدہ ہندوستانی حکومت کی فروخت کی شرائط پر اتفاق کی جدوجہد کے باعث مشکلات کا شکار ہوا ہے۔

ہندوستان وزارت دفاع کے دو سینئر افسران کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک طیاروں کی قیمت مقرر کرنے پر کشمکش کا شکار ہیں اور ان تمام شرائط پر بھی جن کے تحت طیارہ ساز کمپنی ڈیزلٹ ایوی ایشن ہندوستان سے اربوں ڈالر کا معاہدہ کرے گی۔

جنگی طیاروں کے معاہدے میں تاخیر کی وجہ سے ہندوستانی ایئر فورسز مسائل سے دو چار ہوسکتی ہے۔

ہندوستان فوجی حکام نے خطے میں دفاعی صلاحیت میں بہت بڑا فرق آنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین سے فضائی مقابلہ کرنے کے لئے نئے مغربی طیاروں کی فوری ضرورت ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ اگر ایسا نہیں ہوسکتا تو مقامی دفاعی کانٹریکٹر کو فوری طور پر ہندوستانی فوج کی دفاعی ضروریات کو پورا کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں سال اپریل کو ہندوستان کے وزیراعظم نریندرا مودی نے فرانس کے دورے کے موقع پر فرانسیسی صدر فرانسکو اولاندے کے ہمراہ حکومتی سطح پر رافیل جنگی طیارے خریدنے کے معاہدے کا اعلان کیا تھا۔

فرانس ذرائع کے مطابق ہندوستان میں موجود ترجیحات میں اختلاف کے باعث یہ معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔

ہندوستانی دفاعی ماہرین کا ماننا ہے کہ ان طیاروں کی خریداری سے ہندوستان اپنی دفاعی ضروریات کو ناصرف پورا کرسکے گا بلکہ خطے میں پاکستان اور چین کی فضائی طاقت کا مقابلہ بھی کر سکے گا۔