پاکستان

کوئٹہ میں دھماکا، پولیس اہلکار ہلاک

دھماکے کے نتیجے میں ہیڈ کونسٹیبل سمیت چار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے گوالمنڈی چوک پر زوردار دھماکے کے نتیجے میں ہیڈ کونسٹیبل سمیت کم از کم چار افراد زخمی بھی ہوئے۔

ہلاک ہونے والا قریبی پولیس اسٹیشن کا اہلکار تھا جبکہ ایک دیگر شخص کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کی جارہا ہے۔ ایف سی، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ چکی ہیں۔

تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

دوسری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور واقعے کی سختی سے مذمت کی۔

گوالمنڈی چوک پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد معصوم افراد کو ہدف بنارہے ہیں جبکہ دھماکے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔