دنیا

افغانستان: ایئرپورٹ پر خودکش دھماکا، 4 ہلاک

طالبان نے کابل ایئر پورٹ پر خود کش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے،واقعے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں.
|

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر خود کش کار بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابل کے کرمنل انوسٹیگیشن ڈیپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے چیف فرائدون عبیدی کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خود کش حملے میں 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ وزارت صحت کے مطابق زخمیوں کی تعداد 15 ہے۔

عبیدی نے تصدیق کی ہے کہ دھماکا خود کش کار کے ذریعے کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نئے امیر کی قیادت میں افغان طالبان کا پہلا بڑا حملہ

کابل پولیس کے نائب چیف سید گل آغا روحانی کے مطابق دھماکا کابل ایئر پورٹ کی پہلی چیک پوسٹ پر ہوا ہے۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق طالبان نے کابل ایئر پورٹ پر خود کش کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ گذشتہ دنوں کابل میں فوجی کمپلکس، پولیس اکیڈمی اور امریکی اسپیشل فورسز کے بیس پر ہونے والے حملوں میں کم سے کم 51 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ افغان حکومت نے گذشتہ دنوں اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ طالبان کے بانی رہنما ملا عمر دو سال قبل ہلاک ہو چکے ہیں جس کی تصدیق طالبان کی جانب سے بھی کی گئی اور ان کی جگہ ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا کمانڈر مقرر کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان میں خودکش حملہ، 29 ہلاک

ملا اختر منصور کے امیر مقرر کئے جانے پر متعدد طالبان دھڑوں میں اختلافات کی خبریں بھی گردش کررہی ہیں جبکہ قطر میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے بھی ان اختلافات کے باعث مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں ایک معاہدے کے تحت نیٹو فورسز کا افغانستان سے انخلاء مکمل ہوگیا تھا جس کے بعد یہاں مقامی فورسز کی ٹریننگ کے لیے صرف 10 ہزار امریکی فوجی مقیم ہیں۔

نیٹو فورسز کے انخلاء کے بعد افغان فورسز کو طالبان کے شدید حملوں کا سامنا ہے جس میں اب تک سینکٹروں افغان اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

پاکستان سے کابل جانے والی پروازیں منسوخ

دوسری جانب کابل کے ایئرپورٹ پر ہونے والے حالیہ خود کش دھماکے اور امن و امان کی جاری مخدوش صورت حال کے باعث پاکستان سے کابل جانے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

سول ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے پر پروازیں بحال کردی جائیں گی۔