افغانستان میں خودکش حملہ، 29 ہلاک
کابل: افغانستان کے صوبہ قندوز میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم 29 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق غیر قانونی طور پر اسلحہ فراہم کرنے والے گروپوں سے تھا جو ماضی میں عسکریت پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں ملوث رہے ہیں۔
صوبے میں واقع خان آباد ضلع کے منتظم حیات اللہ امیری کے مطابق خودکش بمبار نے ہفتے کو پیدل جرائم پیشہ گروپ کے ایک اجلاس کو ہدف بنایا۔
مزید پڑھیں: نئے امیر کی قیادت میں افغان طالبان کا پہلا بڑا حملہ
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 25 مسلح گروپ کے اراکین تھےجن میں ان کے چار رہنما بھی شامل ہیں جبکہ دیگر چار عام شہری تھے۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں 19 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 15 شہری شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: کابل میں پولیس اکیڈمی پر خودکش حملہ، 20 کیڈٹ ہلاک
طالبان کے ترجمان زبیح اللہ مجاہد نے حملے کی ذمہ داری بذریعہ ای میل قبول کی۔
طالبان نے گزشتہ سال امریکی اور نیٹو فورسز کی جانب سے مسلح کارروائیوں کے بجائے تربیت اور سپورٹ کا کردار اپنانے کے بعد سے حملوں میں تیزی پیدا کردی ہے—اے پی۔