پاکستان

میانوالی: سیلاب متاثرین کیلئے 30 کروڑ روپے امداد

وزیر اعظم نواز شریف نے سیلاب کی تباہیوں سے عوام کو بچانے کے لیے مزید ڈیموں کی ضرورت پر زور دیا.
|

میانوالی: وزیراعظم نواز شریف نے میانوالی میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 30 کروڑ روپے امداد کا اعلان کردیا.

ہفتے کو میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں سیلاب زدگان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے سیلاب کی تباہیوں سے عوام کو بچانے کے لیے مزید ڈیموں کی ضرورت پر زور دیا.

وزیراعظم نے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لانے کے عزم کا بھی اظہار کیا.

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت مضبوط ہورہی ہے اور مستقبل میں یہ مزید بہتری کی جانب گامزن ہوگی.

وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اس علاقے سے گزرنے سے یہاں ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور علاقے میں ترقی و خوشحالی آئے گی.

انھوں نے عیسیٰ خیل میں پانی کے منصوبے کے لیے بھی 20 کروڑ روپے کا اعلان کیا.

وزیراعظم نواز شریف نے میانوالی میں سیلاب سے قیمتی جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا.

انھوں نے عیسیٰ خیل میں اسکول، کالج، یونیورسٹی اور ہسپتال بنانے کے اعلان کے ساتھ آبادیوں کو پہاڑی نالوں کی تباہی سے بچانے کے لیے بھی رقم دینے کا وعدہ کیا۔

اس سے قبل ڈسٹرکٹ کورآڈینیشن آفیسر (ڈی سی او) میانوالی طلعت محمود گوندل نے وزیراعظم نواز شریف کو سیلاب سے ہونے والی تباہیوں پر تفصیلی بریفنگ دی.

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ شدید بارشوں سے 7 افراد ہلاک ہوئے اور متعدد کچے اور پکے مکانات متاثر ہوئے.

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بارشوں کے نتیجے میں 45 دیہات اور 55 ہزار آبادی متاثر ہوئی جبکہ 12 ہزار 924 ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں.

یہ بھی بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 11 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ، متاثرین میں 2 ہزار 214 خیمے اور خوراک کے 9 ہزار 8 سو تھیلے تقسیم کیے گئے، جبکہ ہلاک افراد کے لواحقین کو 5،5 لاکھ روپے کی ادائیگی کردی گئی.

وزیراعظم نواز شریف کو بتایا گیا کہ بارشوں سے فیسکو کے انفراسٹکچر کو بھی نقصان پہنچا جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال عیسیٰ خیل کی عمارت بھی متاثر ہوئی.