پاکستان

ملتان میں ایک قیدی کو پھانسی

سزائے موت کے قیدی غلام شبیر پر 2000 میں ایک شخص کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔

ملتان: ملتان میں ہفتہ کی صبح ایک قیدی کو پھانسی دے دی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق، ملتان کی سینٹرل جیل میں غلام شبیر کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا۔ان پر 2000 میں ایک شخص کو قتل کرنے کا الزام ثابت ہوا تھا۔

گزشتہ دسمبر پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گروں کے بدترین حملے کے بعد حکومت نے پھانسیوں پر عائد غیر اعلانیہ پابندی ختم کر دی تھی۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ ہفتہ قومی اسمبلی کو بتایا تھا کہ سانحہ پشاور کے بعد قومی ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے اب تک تقریباً 175 سزائے موت کے قیدیوں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

یورپ اور عالمی تنظیمیں پاکستان میں پھانسی کی سزائیں دوبارہ شروع کرنے پر شدید ردعمل ظاہر کر چکی ہیں۔