مانسہرہ: فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 12 افراد ہلاک
پشاور: خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس سمیت 12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق یہ حادثہ مانسہرہ کے علاقے سری کوٹ میں پیش آیا۔
فوجی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
حادثے میں بارہ افراد ہلاک ہوگئے جن میں میجر ہمایوں، پائلٹ میجر مزمل، پائلٹ میجر ڈاکٹر شہزاد، میجر ڈاکٹر عاطف، میجر ڈاکٹر عثمان، حوالدار منیر عباسی، فلائیٹ انجنیر حوالدار آصف، کریو چیف نائیک عامر سیعد، نائیک مقبول، سپاہی رحمت اللہ، نرسنگ اسسٹنٹ امان اللہ، سپاہی وقار شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے ایک افسر کے مطابق ہیلی کاپٹر میڈیکل سپلائز لے کر راولپنڈی سے گلگت روانہ ہوا تھا۔
خبررساں ادارے نے ایک سینئر فوجی افسر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پیلی کاپٹر میں 12 افراد سوار تھے جن میں سے کوئی زندہ نہیں بچ سکا۔
ان کے مطابق حادثہ برے موسم کے باعث پیش آیا۔
وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا مشتاق غنی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر پاک فوج کا تھا جبکہ حادثہ پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں تاحال آگ لگی ہوئی ہے جبکہ دشوار راستوں کے باعث جائے وقوعہ تک پیدل پہنچا جارہا ہے جس میں کچھ گھنٹوں تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچنے کی جانب روانہ ہوگئے ہیں تاہم پہاڑی راستہ ہونے کے باعث دشواری کا سامنا ہے۔
اس سے قبل ریسکیو آپریشن میں مصروف پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کو چترال کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔
|